منڈی بہاءالدین کے نواحی علاقے مراد وال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنی 8 سالہ بیٹی کو قتل کر کے اس کی لاش کماد کے کھیت میں پھینک دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الماس بی بی نے اپنی بیٹی کرن شہزادی کے سر پر ڈنڈے سے وار کیا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ جرم چھپانے کے لیے پہلے بچی کے اغوا کا ڈرامہ رچایا گیا، لیکن پیشہ ورانہ تفتیش کے نتیجے میں حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔
ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری شادی کی خواہشمند تھی اور بیٹی کو رکاوٹ سمجھتی تھی۔ پولیس کے مطابق کرن شہزادی کی لاش عید کے دوسرے روز ملی، جس پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔
واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لے لیا ہے، جب کہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں قتل اور جھوٹی ایف آئی آر کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ملزمہ سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔









