1

ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس ہونے کی توقع ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں رات کے وقت بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں صبح کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے وقت سردی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شمالی بلوچستان میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ، چمن، پشین اور ژوب میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم جنوبی اضلاع میں دن کے وقت موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

ادھر کراچی میں گرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 5 نومبر کے بعد مغربی ہواؤں کے اثرات کے باعث شہر کے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔