بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 6 جون کو کولپور میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ بھارت کے آلہ کار دہشت گرد گروہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد مارے گئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا تاکہ مزید دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔









