55

اسلام آباد میں قتل کی گئی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قاتل نے اعترافِ جرم کرلیا

اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے بہیمانہ قتل نے ملک بھر کو ہلا کر رکھ دیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا، جس نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کرلیا ہے۔

دو روز قبل ثناء یوسف کو ان کے اپنے ہی گھر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم عمر حیات عرف کاکا موقع سے فرار ہو گیا تھا، لیکن پولیس نے جدید ٹریکنگ سسٹمز کی مدد سے اسے صرف 12 گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق ملزم خود بھی سوشل میڈیا پر متحرک تھا اور مقتولہ کو اپنا دوست کہتا تھا۔ ملزم نے قتل کے بعد ثبوت مٹانے کی غرض سے مقتولہ کا موبائل فون بھی ساتھ لے لیا تھا۔ تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمر حیات مقتولہ کو کئی بار اظہارِ تعلق کر چکا تھا لیکن ہر بار ثناء یوسف نے اسے مسترد کر دیا، جو اس دل دہلا دینے والے قتل کی بنیادی وجہ بنی۔

مقتولہ کے والد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، اور وہ چاہتے ہیں کہ مجرم کو سخت سزا دی جائے تاکہ کسی اور بیٹی کی جان نہ جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔