رحیم یار خان: عید جیسے خوشیوں بھرے موقع پر ایک اور گھر ماتم کدہ بن گیا۔ رکن پور کی بستی حاجی پیر میں ایک محنت کش باپ نے غربت اور بے بسی سے تنگ آ کر بچوں کو زہر دے دیا اور خود بھی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ میں دو معذور بیٹے اور ایک بیٹی متاثر ہوئے۔ زہریلی گولیاں کھانے سے باپ اور دونوں بیٹے جان کی بازی ہار گئے جبکہ بیٹی کی حالت تشویشناک تھی، جسے فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے ترجمان کے مطابق بچی کی حالت اب بہتر ہے۔ اہل علاقہ اور پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص غربت کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور بچوں کے عید کے کپڑوں کی فرمائش پوری نہ ہونے پر خودکشی جیسے انتہائی قدم پر مجبور ہو گیا۔
واقعہ نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری اور سماجی بے حسی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔









