37

کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 4 انسانی اسمگلرز گرفتار

کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے 4 مشتبہ افراد کو دھر لیا۔ یہ افراد انسانی اسمگلنگ اور جسم فروشی جیسے جرائم میں ملوث تھے اور یو اے ای میں قید کاٹ کر ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد میں بختیار، عدنان اشرف، محمد جمشید اور سکندر عباس شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔ ادارے کے مطابق یہ تمام ملزمان امیگریشن پر نظر رکھے جانے والے افراد کی فہرست میں شامل تھے۔

ملزمان کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور اس سے جڑے نیٹ ورکس کے خلاف آپریشنز مزید تیز کیے جا رہے ہیں تاکہ اس گھناونے کاروبار کا قلع قمع کیا جا سکے۔