قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی آج واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں اسرائیلی حملے کی مذمت، غزہ میں سیز فائر معاہدہ اور یرغمالیوں کی رہائی جیسے اہم معاملات پر گفتگو ہو گی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ اعلیٰ حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔قطری وزیراعظم کی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق قطری وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات میں دوحہ میں 9 ستمبر کو کیے جانے والے اسرائیلی حملے اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا تھا اسرائیل نے دوحہ پر حملہ کرکے سفارتکاری کی توہین کی ہے اور اسرائیل حماس رہنماؤں پر حملہ کر کے غزہ میں جنگ ختم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔
یاد رہے اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں کے اجلاس پر حملہ کیا جس میں سینئر حماس رہنما خلیل الحیا کے بیٹے اور معاون سمیت 6 افراد شہید ہوئے تھے۔
31







