شارجہ: پاکستان نے ٹرائی سیریز کے فائنل میں افغانستان کو عبرتناک شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ گرین شرٹس نے 142 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں افغان ٹیم صرف 66 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میچ کے ہیرو آل راؤنڈر محمد نواز رہے، جنہوں نے صرف 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جن میں ایک شاندار ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ افغانستان کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے، اور ٹیم مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔
پاکستانی بیٹنگ میں فخر زمان 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ سلمان علی آغا، محمد نواز اور صائم ایوب نے بھی اہم رنز جوڑے۔ افغان بولنگ میں راشد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مگر ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹرائی سیریز کا تاج اپنے سر سجا لیا، اور ایشیا کپ سے قبل ایک مضبوط پیغام دے دیا۔







