وادی کاغان میں سوہنی آبشار کے مقام پر پیش آنے والا گلیشیئر حادثہ، جس میں باپ بیٹا سمیت تین سیاح جاں بحق ہوئے، ایک بار پھر سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات کی کمی کو بے نقاب کر گیا ہے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے یہ افراد محض ایک یادگار تصویر کے خواہاں تھے، جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندانی سانحہ ہے بلکہ ایک اجتماعی سوال بھی: کیا ہم قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے خطرات سے بھی آگاہ ہیں۔ صوبائی مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر زور دیا ہے، مگر کیا صرف بیانات کافی ہیں یا عملی اقدامات بھی ضروری ہیں؟









