کراچی میں کانگو وائرس سے متاثرہ 42 سالہ شہری جان کی بازی ہار گیا، یہ واقعہ سندھ میں رواں سال سامنے آنے والا پہلا تصدیق شدہ کیس ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق متوفی کا تعلق ملیر سے تھا، اور 16 جون کو اس میں کریمن کانگو ہیمرجک فیور کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم صرف ایک دن بعد یعنی 17 جون کو اس کی موت واقع ہوگئی۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس عام طور پر جانوروں میں موجود چیچڑ کے ذریعے پھیلتا ہے، جو انسانی جسم سے چپک کر وائرس منتقل کر دیتا ہے۔ حکام کے مطابق بروقت تشخیص سے مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے۔
ماہرین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ تیز بخار، ناک یا منہ سے خون آنا جیسی علامات کو معمولی نہ سمجھا جائے، اور فوری طور پر طبی امداد حاصل کی جائے۔









