41

کے پی حکومت کا فلاحی اقدام، صحت کارڈ میں مہنگے علاج کی سہولت فراہم

خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پلس میں مزید چار پیچیدہ بیماریوں کا مہنگا علاج شامل کر دیا ہے، جس میں جگر، گردے اور بون میرو کی پیوند کاری کے ساتھ آلۂ سماعت کی تنصیب کا علاج بھی شامل ہے۔

ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ مردان میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت او پی ڈی کا آغاز جلد کیا جائے گا، جبکہ صحت کارڈ پلس کے تحت صوبے بھر کے 10.6 ملین خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2016 سے اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد صحت کی مفت سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ 108 ارب روپے کی خطیر رقم عوام کی صحت پر خرچ کی جا چکی ہے۔

ملک بھر میں پینل پر موجود 753 اسپتالوں میں خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صحت کارڈ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹول فری نمبر 0800-89898 پر چوبیس گھنٹے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔