گردے جسم میں واٹر فلٹر کا کردار ادا کرتے ہیں، جو زہریلے مادوں کو خارج اور خون کو صاف کرتے ہیں۔ ایک نئی طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دہی، اچار اور پنیر جیسی غذائیں گردوں کی صحت کے لیے مفید ہو سکتی ہیں۔
"رینل فیلیئر" نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں امریکہ کے 12 ہزار سے زائد افراد کے صحت کے ریکارڈ کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ جن افراد نے زندہ جرثوموں والی غذائیں باقاعدگی سے استعمال کیں، ان میں گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ کم رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب بڑے پیمانے پر تحقیق سے یہ تعلق واضح ہوا ہے۔ تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ اچھی معدے کی صحت، گردوں کو دائمی امراض سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔









