39

کم عمری میں بال سفید ہونے کا بڑھتا رجحان، ماہرین نے وجوہات اور احتیاطی تدابیر بتا دیں

 اب بالوں کا سفید ہونا صرف بڑھاپے کی علامت نہیں رہا، بلکہ نوجوانوں میں بھی یہ مسئلہ تیزی سے عام ہوتا جا رہا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق 15 سے 25 سال کی عمر کے افراد میں سفید بالوں کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی وجوہات میں ذہنی دباؤ، جینیاتی اثرات، غذائی کمی اور بالوں پر کیمیائی مصنوعات کا استعمال شامل ہیں۔

سول اسپتال کراچی کے ماہر امراض جلد ڈاکٹر راجیش کمار نے بتایا کہ فی الحال ایسی کوئی میڈیکل تھراپی موجود نہیں جو ایک بار سفید ہو چکے بالوں کو دوبارہ سیاہ کر سکے۔ تاہم، صحت بخش غذا اور چند احتیاطی تدابیر سے بالوں کے مزید سفید ہونے کے عمل کو روکا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر کے مطابق جینیاتی عوامل سب سے اہم ہیں۔ اگر خاندان میں جلد بال سفید ہونے کی تاریخ ہو، تو یہ اثر اگلی نسل میں اور بھی پہلے ظاہر ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ماحول میں آلودگی، سخت یا نمکیات والا پانی، اور کیمیکل والے شیمپوز اور اسٹائلنگ پراڈکٹس بھی بالوں کو کمزور اور بے رنگ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بالوں کی قدرتی نشوونما کے لیے آئرن، وٹامن ڈی، بایوٹن اور بی کمپلیکس جیسے اجزاء ضروری ہیں۔ نیوٹریشن کی کمی، خاص طور پر کاپر اور بایوٹن کی، سفید بالوں کا باعث بن سکتی ہے۔ ساتھ ہی آٹو امیون امراض جیسے ویٹیلیگو یا ایلوپیشیا ایریاٹا بھی اس مسئلے میں شامل ہو سکتے ہیں۔

ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ نوجوان متوازن غذا کا استعمال کریں، اسٹریس پر قابو پائیں، اور بالوں کو بار بار شیمپو یا کیمیکل ٹریٹمنٹ سے بچائیں۔ مشورے سے سپلیمنٹس لینا اور جلد کے ماہر سے مکمل معائنہ کرانا بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔