36

موبائل کے نشے نے نوجوان کو سر اٹھانے سے عاجز کر دیا

ایک 25 سالہ جاپانی نوجوان کے ساتھ ایک حیران کن طبی واقعہ پیش آیا ہے، جس میں وہ مسلسل موبائل فون دیکھنے کی عادت کی وجہ سے اپنی گردن سیدھی کرنے سے قاصر ہو گیا۔ نوجوان زیادہ تر وقت جھکی گردن کے ساتھ فون پر گیمز کھیلتا تھا، جس کے نتیجے میں اس کی گردن کے پچھلے حصے میں ایک نوکیلا ابھار بن گیا۔

طبی جریدے JOS Case Reports کے مطابق، طویل مدت تک گردن کو جھکائے رکھنے سے نہ صرف اس کی گردن میں شدید درد پیدا ہوا بلکہ اسے کھانا نگلنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خوراک نہ لینے کی وجہ سے اس کا وزن بھی تیزی سے کم ہونے لگا۔

بالآخر گردن کی ساخت اتنی غیر فطری ہو گئی کہ وہ سر اٹھانے کے قابل نہ رہا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ کیس موبائل فون کے طویل استعمال کے نتیجے میں گردن پر پڑنے والے دباؤ کے نقصانات کو واضح کرتا ہے اور لوگوں کو خبردار کرتا ہے کہ وہ اپنے بیٹھنے اور دیکھنے کے انداز پر توجہ دیں۔