38

جینیاتی ٹیسٹنگ پر پاکستان اور بی جی آئی گروپ کی اہم پیشرفت

پاکستان میں صحت کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت کی نوید، وزیرِ مملکت صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے اعلان کیا ہے کہ چین کے ساتھ جینیاتی تحقیق میں اشتراک کو وسعت دی جا رہی ہے۔ اس تعاون کا مقصد پاکستان کو حیاتیاتی تحقیق میں خود کفیل بنانا اور نایاب بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن بنانا ہے۔

چینی ادارے بی جی آئی گروپ کے ساتھ حالیہ اجلاس میں جینیاتی تحقیق، جین بینک کے قیام، اور بیماریوں کی شناخت کے لیے مشترکہ اقدامات زیر غور آئے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے واضح کیا کہ یہ شراکت صرف ایک معاہدہ نہیں بلکہ صحت کے شعبے میں ایک نئی سوچ کا آغاز ہے۔

پاکستانی وفد جلد چین کا دورہ کرے گا جہاں بی جی آئی گروپ کی جدید تحقیقاتی لیبارٹریوں اور منصوبوں کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ اس دورے کے بعد مفاہمتی یادداشت طے پائے گی، جو پاکستان میں حیاتیاتی سائنسی ترقی کا سنگِ میل ثابت ہو گی۔

وزیرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنی اسٹریٹجک اور تکنیکی ترجیحات طے کر کے اس شراکت کو نتیجہ خیز بنانا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں بہتر صحت کی ضامن بن سکیں۔