دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے عالمی عملے میں سے 3 فیصد کو ملازمت سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے، جو کمپنی کے اندر جاری بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا تسلسل ہے۔
کمپنی ترجمان کے مطابق مختلف شعبوں سے وابستہ ملازمین کو فارغ کیا جائے گا تاکہ انتظامی ڈھانچے میں بہتری لائی جا سکے اور آپریشنل اخراجات میں کمی کی جا سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور کمپنی پر مالی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مائیکروسافٹ نے 2023 میں بھی 10 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران کی گئی بھرتیاں اب کمپنیوں کے لیے مالی بوجھ بن چکی ہیں، اسی لیے بڑی کمپنیاں جیسے گوگل، ایمیزون اور اب مائیکروسافٹ عملے میں کمی کر رہی ہیں۔
مائیکروسافٹ نے منافع کے حصول کے لیے حال ہی میں ایکس باکس کنسولز مہنگے کیے اور سرفیس لیپ ٹاپ کی کم قیمت والی رینج بند کر دی۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید تبدیلیاں سامنے آ سکتی ہیں۔








