بھارت کی جانب سے حالیہ جارحانہ اقدامات کے بعد پاکستان میں سائبر حملوں کے خطرے کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (NCERT) نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے اور ممکنہ حملوں سے نمٹنے کے لیے عوام اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
NCERT کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ دشمن عناصر پاکستان کے ڈیجیٹل نیٹ ورکس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے ہرقسم کے ڈیجیٹل رابطوں اور ذرائع پر خصوصی احتیاط برتنا ضروری ہے۔
عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ مشتبہ لنکس یا پیغامات نہ کھولیں، سافٹ ویئر اپ ڈیٹ رکھیں، مضبوط اور وقتاً فوقتاً تبدیل شدہ پاس ورڈز استعمال کریں، دو مرحلہ تصدیق کو فعال رکھیں اور افواہوں سے بچیں۔ حکام نے زور دیا ہے کہ قومی ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔








