نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مالدیپ کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق گفتگو کے دوران مالدیپ کی وزیر خارجہ نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مالدیپ کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والی مفاہمت اور اتفاق رائے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دولت مشترکہ کے سربراہانِ حکومت کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ٹیلیفونک رابطے سے پاکستان اور مالدیپ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے۔









