11

پشاور کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل

پشاور میں گزشتہ رات سے موبائل فون اور انٹرنیٹ ڈیٹا سروس کی جزوی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

صارفین کے مطابق حیات آباد، رنگ روڈ حیات آباد ٹول پلازہ، بھانہ ماڑی، کوہاٹی چوک، سرکلر روڈ اور اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہے۔

سیلولر کمپنیوں کی جانب سے سروس کی معطلی سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کی گزرگاہوں اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اقدام کا مقصد لانگ مارچ کے قافلے کی گزرگاہ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔

یاد رہے کہ احتجاجی لانگ مارچ کا آغاز 4 اکتوبر کو لکی مروت سے ہوا تھا، جبکہ قافلہ بدھ کی شام ضلع خیبر پہنچا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں قافلہ ضلع خیبر سے پشاور میں داخل ہوگا۔

لانگ مارچ کے روٹ میں حیات آباد ٹول پلازہ، بھانہ ماڑی چونگی، کوہاٹی چوک، سرکلر روڈ، جمیل چوک، پیر زکوڑی پل، رنگ روڈ اور چارسدہ روڈ شامل ہیں۔

دوسری جانب صارفین کے مطابق لانگ مارچ کے دوران کرک اور کوہاٹ میں بھی قافلے کی گزرگاہ کے وقت موبائل فون سروس معطل رہی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق لانگ مارچ کے روٹ پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس افسران و اہلکار تعینات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک اہلکار بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔