اسلام آباد: آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ آج ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے تو ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن کے نائب صدر انعام الحق چوہدری کے مطابق چیئرمین ہمایوں خان نے ملک بھر کے پٹرول پمپ مالکان کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے، جہاں آج شام 4 بجے وفاقی وزیرِ پٹرولیم سے اہم ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کا نظام پٹرول ڈیلرز کے لیے قابلِ قبول نہیں، جبکہ موجودہ ڈیلر مارجن پر پٹرول پمپ چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق مارجن میں فوری اضافہ ناگزیر ہے، بصورت دیگر پٹرول پمپ مالکان شدید مالی مشکلات کا شکار رہیں گے۔
انعام الحق چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کے نظام کو مؤثر اور منظم بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان وزیرِ پٹرولیم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔









