37

ایونٹ انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان، چاہت فتح علی خان

سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان کا انگلینڈ میں انڈے مارنے والوں کیخلاف ثبوت پیش کرنے کا دعویٰ ، کہتے ہیں ان پر انڈے پھینکنے کا واقعہ کوئی اچانک پیش آنے والا حادثہ نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش تھی، جس میں وہی افراد ملوث ہیں جنہوں نے انہیں ایونٹ کے لیے بک کیا تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق چاہت فتح علی خان نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ یہ واقعہ 19 جون کی رات ساڑھے 8 بجے سے 10 بجے کے درمیان برطانیہ کے شہر بلیک برن کے ایک ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب میں پیش آیا۔ انتظامیہ سے فوٹیج مانگی تاکہ پولیس رپورٹ درج کرا سکیں تو ریسٹورنٹ انتظامیہ نے ویڈیو فراہم کرنے سے انکار کر دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ کوئی ریکارڈنگ نہیں ہوئی۔ تاہم حیران کن طور پر تین ماہ بعد وہی ویڈیو ریسٹورنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اور پھر فوراً ڈیلیٹ بھی کر دی گئی۔

 

گلوکار نے اس حرکت کو کھلی زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے پاس واقعے کے ثبوت موجود ہیں اور انہوں نے مقامی پولیس اسٹیشن میں باضابطہ رپورٹ درج کرا دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو عدالت تک لے جائیں گے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

چاہت فتح علی خان نے واضح الزام عائد کیا کہ جن لوگوں نے انہیں اس ایونٹ کے لیے بک کیا تھا، وہی اس واقعے کے اصل کردار ہیں کیونکہ وائرل ہونے والی ویڈیو انہی کے سیکیورٹی عملے کی جانب سے بنائی گئی تھی۔